دلچسپ معلومات

انجینئرز نے سیاہ ترین مادّےسے بھی سیاہ مادّہ بنا لیا، یہاں تک کہ (vantablack)سے بھی زیادہ سیاہ۔

میری لینڈ، امریکا: میساچیوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) کے کیمیکل انجینئروں نے اب تک کا سیاہ ترین مادّہ تیار کرلیا ہے جو ’’وینٹابلیک‘‘ کہلانے والے ریکارڈ ہولڈر مادّے سے بھی زیادہ سیاہ ہے۔

واضح رہے کہ کوئی چیز ہمیں اس لیے سیاہ (کالی) دکھائی دیتی ہے کیونکہ وہ خود پر پڑنے والی بیشتر روشنی جذب کرلیتی ہے۔ یعنی جو چیز جتنی زیادہ روشنی جذب کرے گی، وہ اتنی ہی زیادہ سیاہ دکھائی دے گی۔

ماضی میں سب سے زیادہ روشنی جذب کرنے کا ریکارڈ ’’وینٹابلیک‘‘ نامی مادّے کے پاس تھا جو اپنے اوپر پڑنے والی روشنی کا 99.96 فیصد حصہ جذب کرلیا تھا۔ اسے برطانوی ادارے ’’سرے نینو سسٹمز‘‘ نے کاربن ایٹموں پر مشتمل، نینو میٹر جسامت والی نلکیوں (کاربن نینو ٹیوبز) کو ایک جال کی شکل میں ترتیب دے کر تیار کیا تھا۔


ایم آئی ٹی کے کیمیکل انجینئروں کا تیار کردہ سیاہ ترین مادّہ اس سے بھی زیادہ سیاہ ہے کیونکہ یہ خود پر پڑنے والی روشنی کا 99.995 فیصد حصہ جذب کرلیتا ہے۔ اگرچہ اسے بھی کاربن نینو ٹیوبز ہی کی مدد سے تیار کیا گیا ہے لیکن اس میں ان نلکیوں کی ترتیب کسی جال جیسی نہیں بلکہ سیدھے کھڑے ہوئے خردبینی ستونوں کی مانند ہے جو پہلو بہ پہلو آپس میں جوڑ دیئے گئے ہوں۔

دلچسپی کی بات یہ ہے کہ ماہرین کی جس ٹیم نے یہ سیاہ ترین مادّہ تیار کیا ہے، وہ تو صرف مختلف دھاتی سطحوں پر کاربن نینو ٹیوبز کو مؤثر انداز سے یکجا کرنے کی کوششوں میں مصروف تھی۔ اسی دوران انہیں اندازہ ہوا کہ ایک خاص طرح کی المونیم پرت پر جب ان کاربن نینو ٹیوبز کو سیدھا (عموداً) کھڑا کرکے ترتیب دیا گیا تو اس طرح بننے والے مادّے کی سیاہی بڑھنے لگی۔

کچھ مزید تجربات کے بعد وہ ایک ایسا مادّہ بنانے میں کامیاب ہوگئے جو روشنی کا 99.995 فیصد حصہ جذب کر لیتا ہے۔ فی الحال اسے کوئی نام تو نہیں دیا گیا ہے لیکن اس کی تفصیلات ریسرچ جرنل ’’اے سی ایس ایپلائیڈ مٹیریلز اینڈ انٹرفیسز‘‘ کے تازہ شمارے میں شائع ہوئی ہیں۔

فی الحال یہ ابتدائی مراحل میں ہے لیکن مستقبل میں بہتر کارکردگی کے حامل سولر پینلز کی تیاری میں یہ یا اسی طرح کے ’’انتہائی سیاہ‘‘ (الٹرا بلیک) مادّوں سے خاصی امیدیں وابستہ ہیں۔

اوریجنل لنک کے لیٗے یہاں کلک کیجیٗے

Show More

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close