InfoToday

باکسر محمد وسیم کو آرمی چیف کی شاباشی

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستانی باکسر محمد وسیم کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستانی باکسر محمد وسیم سےاپنے دفتر میں ملاقات کی اور محمد وسیم کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ آپ جیسا ہنر ہمارے لیے باعث فخر ہے، ہم یہاں آپ جیسےبا صلاحیت اور مثبت توانائی کے حامل نوجوانوں کی مدد کے لیے ہمیشہ حاضر ہیں۔

دوسری جانب پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کی جانب سے بھی انٹرنیشنل رینکنگ فائٹ میں فلپائنی باکسر کے خلاف شاندار فتح پر پاکستانی باکسر محمد وسیم کی تعریف کی گئی ہے۔

باکسر عامر خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ویل ڈن چیمپئن محمد وسیم، عامرخان نے لکھا کہ محمد وسیم نے دبئی میں اپنی فائٹ جیتی، وہ مستقبل کے پلانز پر بات کرنے کے لیے وسیم سے جلد پاکستان میں ملیں گے۔

واضح رہے کہ کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے محمد وسیم نےحال ہی میں انٹرنیشنل رینکنگ فائٹ میں فلپائنی باکسر کو پہلے راؤنڈ ہی میں ناک آؤٹ کر دیا تھا۔

اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور اور معروف گلوکار اور اداکار علی ظفر نے بھی اپنے ٹوئٹس میں محمد وسیم کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی تھی۔